11 اکتوبر 2025 - 17:03
نبیہ بری کا ردعمل: اسرائیلی حملہ لبنان کے اصولی مؤقف کو نہیں بدل سکتا

لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے المصیلح پر اسرائیلی حملہ لبنان کی ثابت قدمی اور قومی اصولوں میں کوئی تبدیلی نہیں لا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس جارحیت کے مقابلے میں پورا لبنان متحد ہو کر اپنی سرزمین اور قومی وقار کا دفاع کرے گا۔

اہل‌بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے ہفتے کے روز اسرائیل کے حالیہ فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ صرف المصیلح یا وہاں کے صنعتی مراکز پر نہیں بلکہ پورے لبنان اور اس کے عوام پر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’یہ حملہ لبنانی عوام کے عقائد اور استقامت کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ لبنانی قوم ہمیشہ کی طرح اپنی جان، گھر اور روزگار قربان کر کے اپنی سرزمین اور باعزت زندگی کے حق کے لیے ثابت قدم رہے گی۔‘‘

نبیہ بری نے مزید کہا کہ ’’یہ جارحیت دراصل لبنانیوں کی وحدت پر حملہ ہے، لیکن آج ایک بار پھر مسیحی اور مسلمان خون ایک ساتھ بہہ کر قومی یکجہتی اور مشترکہ تقدیر کی نئی تصویر پیش کر رہا ہے۔‘‘

انہوں نے زور دیا کہ ’’ہمیں المصیلح سے پورے لبنان کے لیے یہ پیغام دینا چاہیے کہ مسلسل اسرائیلی حملوں اور قومی خودمختاری پر وار کے مقابلے میں اتحاد ہی ہماری اصل قوت ہے۔‘‘

واضح رہے کہ آج صبح اسرائیلی فضائی حملے میں ایک لبنانی شہری شہید اور سات زخمی ہوئے۔ اس سے قبل صدر جوزف عون نے بھی اس حملے کو جنگ بندی کے بعد کی خطرناک پیش رفت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ’’یہ تجاوز ایسے وقت میں کیا گیا جب غزہ میں فریق فلسطینی نے سیز فائر اور اسلحے کی نگرانی کے طریقہ کار پر اتفاق کیا تھا۔‘‘

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha